گھر کی خواتین اگر تعلیم یافتہ ہوں گی تو وہ نئی نسل کیلئے مشعل راہ ثابت ہوں گی اور کامیابی کی راہ دکھائیں گی : ڈاکٹر فہیم ملک
نئی دہلی :31 جنوری (سفیرِ بھارت بیورو)ڈاکٹر س اینڈ پیرا میڈیکل ٹرسٹ کے قومی صدر ڈاکٹر فہیم ملک کو امیٹھی یونیورسٹی کے ذریعہ ایک پروگرام میں اعزاز سے نوازا گیا ۔پروگرام میں ’’ ویرانگنا ‘‘ جس کا مطلب ہوتا ہے خاتون جنگجو کے عنوان پر یہ پروگرام رکھا گیا تھا ۔ خواتین کی بہادری پر ڈاکٹر فہیم نے اپنی تقریر میں کہاکہ ہمارے ملک کی خواتین نے ہر دور میں اس بات کو ثابت کیا ہے کہ خواتین کسی سے کم نہیں ہیں وہ بھی بڑے بڑے کام کر سکتی ہیں ۔ ملک کی تاریخ پر روشنی ڈالیں تو ، رانی لکشمی بائی ، بیگم حضرت محل ، لکشمی سہگل ، سروجنی نائیڈو ، وجے لکشمی پنڈت ، وغیرہ بہادر خواتین کی بہترین مثالیں ہیں ۔ ان خواتین نے انگریزوں کو دھول چٹا نے کا کام کیا ہے ۔ تاہم ان کی بہادری کے قصے آج بھی سنائے جاتے ہیں جو نئی نسل میں جوش بھرنے کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں خواتین کی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔گھر کی خواتین اگر تعلیم یافتہ ہوں گی تو وہ نئی نسل کیلئے مشعل راہ ثابت ہو ں گی اورکامیابی کی راہ دکھائیں گی ۔ آج ہمارے ملک بھارت کی لڑکیاں ہر فیلڈ میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں اسی لئے ہمیں خواتین کو گھر تک محدود نہیں رکھنا چاہئے اگر وہ کچھ کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں تو ان کو موقع ضرور دینا چاہئے تاکہ وہ اپنی محنت و لگن سے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں ۔