نئی دہلی /ہریانہ (سفیر بھارت بیورو)ہریانہ ڈے کے موقع پر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس ہریانہ کے ذریعہ یونانی اپچار جنتا کے دوار مشن 2025 کے تحت ایک مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد گئوشالہ روڈ نوح میں کیا گیا۔ اس کیمپ میں296 مریضوں نے فائدہ اٹھایا اور ان کو مفت میں یونانی دوائیں تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس ہریانہ کی سالانہ جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد بھی کیا گیا۔آج کے اس کیمپ میں بطور مہمان خصوصی ڈاکٹر یشبیر گہلاوت ضلع آیورویدک آفیسر نوح اور ڈاکٹر سید احمد خان سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی آر یو ایم حکومت ہند و یونانی ہیڈ صفدر جنگ ہاسپٹل نے شرکت کی۔اس کیمپ اور میٹنگ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر یشبیر گہلاوت ضلع آیورویدک آفیسر نوح نے سبھی سے کہا کہ آیورویداور یونانی ڈاکٹروں کو کسی بھی طرح سے احساس کمتری کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے سبھی سے کہا کہ ہم یونانی کی فلاح وبہبود کے لئے آپ کا ساتھ دینے کیلئےتیار ہیں۔ڈاکٹر سید احمد خاںقومی سکریٹری جنرل آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس نے کہا کہ ہریانہ ڈے کے موقع پر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس ہریانہ کی طرف سے مفت یونانی میڈیکل کیمپ کا انعقاد عوام کے لیے مفید ہے اور یہ عوام کے لئے اس لحاظ سے بھی بہتر ہے کہ اس سے عوام کو اس بات کا احساس ہو رہا ہے کہ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس ہریانہ عوام کے مفاد کے لئے بہت کام کر رہی ہے مفت میں بڑے پیمانے پر یونانی ڈاکٹروں کے ذریعہ جانچ کی جا رہی ہے اور انہیں مفت میں یونانی دوائیں تقسیم کی جا رہی ہیں اور ریاستی سرکار کا یوم ہریانہ پر جو ٹارگیٹ ہے عوام کو بیدار کرنے کا اس میں بھی یہ مفید ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے ہریانہ سرکار سے مانگ کی ہے کہ محکمہ آیوش میں یونانی کا ڈپٹی ڈائیریکٹر کا تقرر کیا جائے۔مہمان اعزازی ڈاکٹر صدیق احمد میو مورخ و سماجی کارکن نے کہا کہ میوات جیسے پسماندہ علاقے میں اس طرح کا کیمپ لگانا کافی اہمیت رکھتا ہے اور اگر ہم یونانی پیتھی کو اپناتے ہیں تو بہت سی بیماریاں دور ہوجائیں گی اور کوئی سائیڈ ایفیکٹ بھی نہیں ہوگا جس طرح ایلوپیتھک کے سائیڈ افیکٹ بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر قمر الدین ذاکر صدر آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس ہریانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں دہلی سے آئی ہوئی یونانی ڈاکٹروں کی ٹیم کا بے حد شکر گزار ہوں کہ وہ تشریف لائے اور انہوں نےاپنی خدمات پیش کیں اور ہماری حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹر قمرالدین نے ہریانہ سرکار سے مانگ کی ہے کہ آکیڑہ یونانی میڈیکل کالج کے بند پڑے کام کو جلد شروع کرایا جائے، سبھی ضلع کے میڈیکل کالجوں میں ایک یونانی کا شعبہ قائم کیا جائے۔ یونانی میڈیکل آفیسر کی خالی اسامیوں کی ریگولر بھرتی بذریعہ کمیشن کی جائے۔ انہوں نے بی جے پی سرکار کا بہت ہی شکریہ ادا کیا کہ 1085 آیورویدک میڈیکل آفیسر کی سنکشنڈ پوسٹوں پر دوبارہ غوروفکر کرنے کے بعد ان میں سے 84 پوسٹ یونانی میڈیکل آفیسر کے لئے منظور کر دی ہیں۔جنرل سیکرٹری اے آئی یو ٹی سی ہریانہ ڈاکٹر محمد ارشد غیاث نے سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کیااور کہا کہ کیمپ میں موسمی بیماریوں کے مریض اور جوڑوں کے درد کے مریض اور جلد کے امراض سے متعلق مریض زیادہ آئے ۔ ان بیماریوں میں یونانی کی دوائیں بہت کارگر اورمفید ہیں۔ اس موقع پراسرار احمد اجینی، علیم انصاری،عمران قنوجی،حکیم مرتضیٰ دہلوی، حکیم آفتاب عالم،ڈاکٹر حبیب الله، ڈاکٹر اسلم علی،ڈاکٹر محی الدین سابق ضلع آیورویدک آفیسر،ڈاکٹرمحمدقاسم،ڈاکٹر عبدالسلام، ڈاکٹر محمد عمر اور حافظ اکرم علی اور محمد ارباز وغیرہ موجود تھے۔صدر کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ ، لمرا ریمیڈیزاور اولیاء ہربلس کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا تعاون کیا۔مبین احمد نے سبھی مریضوں کو یونانی دوائیں تقسیم کرنے میں اہم رول ادا کیا۔پروگرام کا آغاز حافظ محمد کامل نے قرآن شریف کی تلاوت سے کیا۔لیکچرراشرف میواتی نے نظامت کے فرائض اور آخر میں سبھی حضرات کا شکریہ ڈاکٹر محمد ارشد غیاث نے بخوبی انجام دیا۔