نوکری کے متلاشی نوجوانوں کیلئے بہترین موقع اے ایم پی، جامعہ ہمدرد اور بی ای بی کے تعاون سے دہلی میں منعقد ہونے جا رہا ہے میگا جاب فیئر: فاروق صدیقی
نئی دہلی:13 فروری (سفیر بھارت بیورو) جامعہ ہمدرد یونیورسٹی دہلی میں 17 فروری کو ہونے والے میگا جاب فیئر کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ یہ میگا جاب فیئر بی ای بی،جامعہ ہمدرد اور اے ایم پی کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ جاب فیئر ان تین اداروں کی طرف سے دہلی میں گزشتہ تین سالوں میں منعقد کیا جانے والا 9 واں جاب فیئر ہے، جس سے بے روزگار نوجوانوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا اور پڑھے لکھے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نوکری ملی۔ گذشتہ جاب فیئرز کو دیکھتے ہوئے قیاس لگایا جارہا ہے کہ 17 فروری کا جاب فیئر بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا جس میں ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کی شرکت متو قع ہے۔ان خیالات کا اظہار مذکورہ بالا، بی ای بی، جامعہ ہمدرد اور اے ایم پی کے ذمہ داران نے جامعہ ہمدرد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ مشترکہ پیر یس کانفرنس میں کیا۔ میگا جاب فیئر کے تعلق سے بات کرتے ہوئے جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر ڈاکٹر افشار عالم نے کہا کہ اس جاب فیئر میں یونیورسٹی کے باہر کے طلباء اور بے روزگار نوجوان شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ہمدرد جاب فیئر، ہنر مندی کی تربیت جیسے سماجی بہبود کے کاموں کو ہمیشہ اپنی سماجی ذمہ داری سمجھتا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ ہمدرد کی جانب سے اس سمت میں کئے جانے والے دیگر کاموں پر بھی روشنی ڈالی۔اے ایم پی این جی او کنیکٹ کے نیشنل ہیڈ فاروق صدیقی نے اے ایم پی کی جانب سے گزشتہ 16 سالوں میں ملک اور سماجی ترقی کے لیے کیے گئے کاموں کے بارے میں بتایا اور اس جاب فیئر کو کامیاب بنانے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات پر روشنی ڈالٹے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک سے بے روزگاری کو ختم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس سمت میں سب کو تعاون کرنا چاہیے۔بی ای بی کے ایگزیکٹو سیکرٹری شوکت مفتی نے تقریب کے بارے میں تجزیاتی معلومات دیں اور ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن اور بی ای بی کی جانب سے ملک اور معاشرے کے مفاد میں گزشتہ 50 سالوں میں کئے گئے کاموں کی تفصیلات بتائیں جن کا آغاز حکیم عبدالحمید سے ہوا تھا۔ مفتی نے بتایا کہ ان کی سماجی خدمت کی روایت کو چانسلر حماد احمد نے جاری رکھا ہوا ہے۔ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) منجو چگانی نے آرگنائزنگ کمیٹی کی طرف سے جاب فیئر کے انتظامات کے بارے میں معلومات دی اور جاب فیئر میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کے بارے میں بتایااور کہاکہ میگا جاب فیئر ایسے نوجوانوں کیلئے بہت فائدے مند ثابت ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی تعلیم تو مکمل کر لی لیکن وہ نوکری کی تلاش میں ہیں۔ گذشتہ جاب فیئر میں نہ صرف دہلی بلکہ مختلف ریاستوں کے نوجوانوں نے شرکت کی تھی۔