دہلی کے ڈپٹی میئر اور رکن اسمبلی حاجی یونس نے کیمپ کا دورہ کیا
نئی دہلی :13 جنوری (سفیرِ بھارت بيرو) دہلی حکومت اردش نگر اسمبلی حلقہ کے براڑی گراؤنڈ میں لگے عرس ٹرانزٹ کیمپ میں آنے والے ہزاروں زائرین کا ہر ممکن سہولیات مہیا کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار دہلی کے ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے کیمپ میں زائرین سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس دوران آل محمد اقبال نے کیمپ میں آنے والے زائرین کا احوال بھی جانا اور اروند کیجریوال حکومت کی طرف سے فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں پوچھا تو زائرین نے متفقہ طور پر کہا کہ دہلی کی کیجریوال حکومت اس کیمپ میں ہمارا پورا خیال رکھ رہی ہے۔ تاہم یہاں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس طرح کسی دوسری ریاست میں کوئی بھی حکومت زائرین کا اتنا خیال نہیں رکھتی جتنا کیجریوال حکومت کرتی ہے۔
زائرین نے مزید کہاکہ کیجریوال جی کے بارے میں سنا کرتے تھے کہ وہ دہلی کے عوام کا خاص خیال رکھتے ہیں، یہاں آکر ہم نے اسے حقیقت میں دیکھا ہے۔اس موقع پر مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے حاجی محمد یونس، عرس کمیٹی کے چیئرمین ایف آئی اسماعیلی، عرس کمیٹی کے اراکین محمد اسلام الدین، محمد مصطفی، وقار خان بھوپالی، صوفی مفکر شاہ محمد شمیم، فیضان شیخ اور دیگر خدمت گاروں نے عرس ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایف آئی اسماعیلی نے کہاکہ دہلی کی کیجریوال حکومت حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری صاحب کے 812 ویں عرس میں حاضری کیلئے جانے والے زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کمر بستہ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عرس کیمپ میں دہلی حکومت کے وزیر سمیت دہلی کی معزز شخصیات بھی کیمپ کا دورہ کر رہی ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو ۔
واضح رہے کہ عرس ٹرانزٹ کیمپ میں 13، 14 اور 16 جنوری کی شب قوالی کا پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔اور 15 جنوری کو مشاعرہ کی محفل سجے گی ۔ 18 جنوری کو عرس کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کے ساتھ ایک وفد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی جانب سے اجمیر شریف کے لیے ”چادر روانہ “ ہوگی جو 19 جنوری کو درگاہ میں پیش کی جائے گی ۔